عثمان بُزدار کی ضمانت خارج کی جائے: نیب


لاہور (قدرت روزنامہ)نیب نے لاہور کی احتساب عدالت میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بُزدار کی ہوٹل کو شراب کے لائسنس کے اجراء میں اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں دی گئی ضمانت کے خلاف درخواست دائر کر دی۔قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپنے تحریری جواب میں عثمان بزدار کی درخواستِ ضمانت خارج کرنے کی استدعا کر دی۔نیب کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عثمان بزدار نے اپنی درخواست میں نیب پر بدنیتی کے جھوٹے اور بے بنیاد الزام لگائے، عثمان بزدار اپنے حق میں کسی بھی قانونی جواز کی نشاندہی میں ناکام رہے۔
درخواست میں قومی احتساب بیورو کا کہنا ہے کہ ایکسائز نے زیرِ تعمیر ہوٹل کو شراب کے لائسنس دینےکی تفتیش 18 مارچ 2021ء کو دی، جس میں پنجاب حکومت کے افسران و اہلکاروں پر لائسنس کے اجراء کے لیے 50 ملین روپے کی رشوت کا الزام تھا۔نیب کا اپنی درخواست میں کہنا ہے کہ عثمان بزدار نے 12 اکتوبر 2020ء کے جواب میں لائسنس کے لیے اختیارات کے غلط استعمال کا انکار کیا، نیب نے 2021ء میں سابق ڈی جی ایکسائز سمیت 3 افراد کے خلاف ریفرنس فائل کر دیا۔
درخواست میں نیب کا کہنا ہے کہ نیب کو 12 اگست 2022ء کو گمنام شکایت ملی جس میں عثمان بزدار پر غیر قانونی لائسنس کے لیے دباؤ ڈالنے کا الزام تھا۔قومی احتساب بیورو کا اپنی درخواست میں مزید کہنا ہے کہ اسی گمنام شکایت میں عثمان بزدار پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا بھی الزام لگایا گیا۔نیب نے اپنی درخواست میں یہ بھی کہا ہے کہ ایگزیکٹیو بورڈ نے 12 اکتوبر 2022ء کے اجلاس میں اس معاملے کی دوبارہ جانچ کا کہا، عثمان بزدار کو بلایا گیا لیکن وہ ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہوئے۔
احتساب عدالت نے آج بزدار کی ضمانت میں توسیع کی اس سے قبل لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بُزدار کی عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع کر دی۔عثمان بُزدار اپنے اوپر مبینہ طور پر شراب کے لائسنسز کے اجراء کے لیے اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام کی سماعت کے دوران ضمانت میں توسیع کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔جج نے استفسار کیا کہ کیا نیب کو عثمان بزدار کی حراست درکار ہے؟
نیب کے پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ ہمارے پاس ان کی گرفتاری کے وارنٹ نہیں۔عثمان بزدار کے وکیل نے استدعا کی کہ ہمیں بحث کے لیے تاریخ دے دیں۔نیب کے پراسیکیوٹر نے اعتراض کیا کہ جب وارنٹ ہی نہیں ہیں تو تاریخ کی کیا ضرورت ہے؟
عدالت نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع کر دی جس کے بعد سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب احتساب عدالت سے روانہ ہو گئے۔
بزدار کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف لاہور کی احتساب عدالت کے باہر آج پیشی کے موقع پر احتجاج کیا گیا ہے۔عثمان بزدار کے لاہور کی احتساب عدالت پہنچنے پر پوسٹرز اٹھائے بعض مظاہرین ان کی گاڑی کے قریب آ گئے۔
مظاہرین نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بُزدار کے خلاف نعرے بھی لگائے۔