آزادی مارچ؛ عمران خان کی برطانوی ہائی کمشنر کو پنڈی ٹیسٹ متاثر نہ ہونے کی یقین دہانی


لاہور(قدرت روزنامہ) چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے راولپنڈی ٹیسٹ کے متاثر نہ ہونے کی یقین دہانی کرا دی۔پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر اور رمیز راجہ نے زمان پارک لاہور میں عمران خان سے ملاقات کی اور اُن کی عیادت کی۔ اس بیٹھک میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی سی بی چیئرمین اور انگلینڈ کے ہائی کمشنر نے سابق وزیر اعظم کی عیادت اور خیریت دریافت کی۔عمران خان کو بتایا گیا انگلش ٹیم 17سال بعد 27نومبر کو اسلام آباد پہنچے گی اور راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے شیڈول ہے۔
عمران خان نے اپنے لانگ مارچ اور 26 نومبر کو احتجاج کے تناظر میں راولپنڈی ٹیسٹ کے متاثر نہ ہونے کی یقین دہانی کرا دی۔عمران خان نے چیئرمین پی سی بی اور برطانوی ہائی کمشنر کو ٹیسٹ سیریز دھرنے یا لانگ مارچ کی وجہ سے متاثر نہ ہونے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ’آپ تیاریاں جاری رکھیں ہماری تحریک کی وجہ سے پنڈی ٹیسٹ کو کوئی نقصان نہیں ہوگا‘۔
برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے تحریک انصاف کے چیئرمین پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اُن کی جلد صحت یابی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ اس ملاقات میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری بھی موجود تھے۔
دوسری جانب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے سلسلے میں برطانوی سفارت خانے کے وفد نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ پانچ ارکان پر مشتمل برطانوی سفارتخانے کے وفد نے اسٹیڈیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ برطانوی سفارتخانے کے وفد نے سیکورٹی کے حوالے سے اسٹیڈیم میں موجود حکام سے تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز یکم دسمبر سے راولپنڈی میں ہوگا جبکہ بقیہ دو میچز ملتان اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔