ملک کو تباہی سے بچانے کا واحد حل الیکشن ہے، اسد عمر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک کو تباہی سے بچانے کا واحد حل الیکشن ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری اسد عمر نے بول نیوز کے پروگرام ایسے نہیں چلے گا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں گزشتہ 7 ماہ میں بڑی تباہی آئی ہے ملک بدترین معاشی حالات سے گزررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالات اب قابو سے باہر ہورہے ہیں، ڈالر کو مصنوعی طریقے سے روکنے کی کوشش ہورہی ہے ، برآمدات میں ہر ماہ کمی ہورہی ہے جبکہ صنعتیں بھی منفی میں جارہی ہیں۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ 5 سے70 فیصد تک جاچکا ہے، ملک کو تباہی سے بچانے کا واحد حل الیکشن ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے میڈیا پر پابندیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بول سچائی عوام تک پہنچاتارہا ہے اس لئے یہ بھی انکی زد میں ہے، جو حقیقت سامنے رکھے گا یہ اس کی آواز کو دبانے کیلئے دباؤ ڈالتے ہیں۔