ایم ڈی کیٹ نتائج کیخلاف احتجاج، فاروق ستار گیٹ پھلانگ کر ڈاؤ یونیورسٹی میں داخل

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان میڈیکل کمیشن( پی ایم سی) نے ایم ڈی کیٹ کے نتائج جاری کر دیے ہیں، آؤٹ آف کورس اور غلط سوالات پر طلبا و طالبات نے ڈاؤ یونیورسٹی کے باہر احتجاج کیا۔طلباو طالبات کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا پرچہ سلیبس سے باہر دیا گیا، پرچہ ڈاؤ یونیورسٹی نے تیار کیا تھا۔
مظاہرے کے دوران ڈاؤ یونیورسٹی کا گیٹ بند کر دیا گیا۔ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار یونیورسٹی کا گیٹ پھلانگ کر اندر چلے گئے۔فاروق ستار کا کہنا ہے کہ بچوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، اس تحریک میں بچوں کا ساتھ دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ میرا بھی ایک نمبر سے داخلہ رہ گیا تھا، ایک نمبر سے کراچی کے بجائے میرا جامشورو میں داخلہ ہوا، گیٹ پھلانگ کر یونیورسٹی میں گیا۔سربراہ ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اگر میرے خلاف دروازہ پھلانگنے کی ایف آئی آر کٹی تو وی سی کے خلاف بھی کٹے گی، 8 نہیں 35 سوال آؤٹ آف سلیبس ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وی سی نے کہا 44 ہزار بچوں کی کاپیاں مینول چیک کریں گے، وی سی نے یقین دلایا ہے کہ پیپر صدر پی ایم سی کی اجازت سے پبلک کریں گے۔