جنرل عاصم منیر آرمی چیف مقرر کون ہیں ؟ آرمی چیف سے قبل پاک فوج کے کس کس عہدے پر تعینات رہے ہیں ؟ جنرل عاصم منیر کا مکمل فوجی کیرئیر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاک فوج کے مقرر ہونے والے نئے سربراہ جنرل عاصم منیر ڈی جی آئی ایس آئی، کور کمانڈر گوجرانوالہ اور ڈی جی ایم آئی سمیت پاک فوج کے کئی اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جنرل عاصم منیر پاک فوج کے سینئر ترین افسر ہیں، جنرل عاصم منیر دیگر افسران کی طرح پاکستان ملٹری اکیڈمی کے فارغ التحصیل نہیں بلکہ وہ آفیسرز ٹریننگ اسکول منگلا سے تربیت مکمل کرکے پاک فوج کا حصہ بنے،انہیں اوائل عمری میں ہی قرآن مجید حفظ کرنے کا شرف بھی حاصل ہے، آفیسرز ٹریننگ اسکول منگلا میں تربیت کے دوران انہیں بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا،
تربیت مکمل کرنے کے بعد انہوں نے پاک فوج کی فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ جنرل عاصم منیر دو ہزار چودہ میں کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریا خدمات انجام دینے کے بعد دو ہزار سترہ میں ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس کے عہدے پر فائز ہوئے ، اکتوبر دو ہزار اٹھارہ میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد انہیں ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا،وہ جون دو ہزار انیس میں کور کمانڈر گوجرانوالہ کے عہدے پر تعینات ہوئے،جنرل عاصم اکتوبر دو ہزار اکیس سے جی ایچ کیو میں بطور کوارٹر ماسٹر جنرل فرائض سرانجام دے رہے تھے۔