پاکستان افواج کے نئے چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ساحر شمشاد مرزا کون ہیں؟ اس سے قبل سے قبل پاک فوج کے کس کس عہدے پر تعینات رہے ہیں ؟ مکمل فوجی کیرئیر

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چیف آف جنرل سٹاف کور کمانڈر راولپنڈی اور ڈی جی ملٹری آپریشنز سمیت کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر ہونے والے جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے فوجی کیرئیر کے دوران چیف آف جنرل سٹاف کور کمانڈر راولپنڈی اور ڈی جی ملٹری آپریشنز سمیت کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں ۔ تفصیلات کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا کا پاک فوج میں کیریئر شاندار خدمات پر محیط ہے،پی ایم اے سے تربیت مکمل کرنے کے بعد سندھ رجمنٹ میں شمولیت اختیار کی۔ پاک فوج میں اہم عہدوں پر فرائض انجام دئیے۔ ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز تعینات ہوئے اور شمالی وزیرستان میں کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر عسکریت پسندوں کیخلاف فوجی آپریشن کی نگرانی کی۔
جنرل ساحر شمشاد پاکستان، چین، افغانستان اور امریکہ پر مشتمل چار فریقی رابطہ گروپ میں انٹرا افغان مذاکرات کا حصہ بھی رہے،انہیں سرتاج عزیز کی زیر قیادت گلگت بلتستان کیلئے اصلاحاتی کمیٹی کے رکن کے طور پر خدمات انجام دینے کا بھی موقع ملا،تھری اسٹار رینک پر ترقی کے بعد جنرل ساحر مرزا کو چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کیا گیا،جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دیں، انہیں اکتوبر دو ہزار اکیس میں کور کمانڈر راولپنڈی تعینات کیا گیا، جہاں انہوں نے کشمیر اور سیاچن جیسے علاقوں کی نگرانی کی،وہ اپنے کیریئر میں تین بار پاک فوج کے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں تعینات رہے،جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بطور وائس چیف آف جنرل سٹاف۔ ملٹری آپریشنز اور ملٹری انٹیلی جنس کی نگرانی بھی کی۔