لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس کا قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان آرمی کےچیف آف جنرل سٹاف ( سی جی ایس ) لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ان کے خاذندانی ذرائع نے یہاں جیو نیوز کو اس کی تصدیق کی ہے۔ ایک قابل اعتماد ڈیفنس ذریعے نے کہا کہ اپنے پروفیشنل ازم، دور اندیشی اور لیڈر شپ کے حوالے سے جانے جانے والے لیفٹیننٹ جنرل اظہرعباس نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے، جو ان کی شخصیت کے عین مطابق ہے۔
وہ27 نومبر کے بعد سینیارٹی لسٹ میں نمبر 2پر آ جائیں گے۔ انہوں نے1987 میں پاکستان ملٹری اکیڈمی( پی ایم اے) 41 بلوچ رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ انہوں نے ایک مکمل جینٹلمین اور اعلیٰ دیانت دار افسر کے طور پر شہرت حاصل کی ہے۔ اپنے شان دار کیریئر کے دوران لیفٹیننٹ جنرل عباس نے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے پرسنل سیکرٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
انہوں نے 12 ڈویژن مری اور انفنٹری سکول کوئٹہ کے کمانڈنٹ کی حیثیت سے کمانڈ کی۔ جی سی ایس بننے سے قبل وہ کور 10 کے کمانڈر تھے۔ ڈیفنس ذریعے نے کہا کہ ادارہ اور یہ قوم ان کی کمی محسوس کرے گی۔ انہوں نے اپنے 40 سال پر محیط کیریئر کے دوران لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے وزیرستان تک، بلوچستان سے شمالی علاقوں تک خدمات انجام دیں اور فوجیوں کی کمانڈ کی۔
یہ پیش رفت وفاقی حکومت کی جانب سے جنرل عاصم منیر کو اگلا چیف آف آرمی سٹاف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) مقرر کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔ جنرل اظہر عباس کے چھوٹے بھائی اور لندن بیسڈ بیرسٹر ڈاکٹر منظر الہیٰ نے جیو نیوز کے سٹوری بریک کرنے کے بعد اس نمائندے سے رابطہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں اس کی تصدیق کرتا ہوں کہ لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے پاک فوج میں ایک افسر کی حیثیت سے اپنی عزت، وقار اور اعزاز کو برقرار رکھنے کیلئے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواست کی ہے۔