کراچی، آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں کمی متوقع
کراچی (قدرت روزنامہ)شہر قائد میں آئندہ دنوں میں رات سمیت دن کے درجہ حرارت میں تیزی سے کمی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی کی راتیں سرد ہونا شروع ہوگئی ہیں، آج کم سے کم درجہ حرارت 16.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس وقت شہر میں10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی ہوا چل رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج مطلع صاف رہے گا البتہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ آئندہ دنوں میں رات سمیت دن کے درجہ حرارت میں بھی تیزی سے کمی متوقع ہے۔
شہر قائد میں عموماً سردی کا آغاز دسمبر سے ہوتا ہے، جبکہ اس وقت شہر میں دھند چھائی ہوئی ہے، حد نگاہ 5 کلو میٹر تک محدود ہوگئی۔
سردی کی شدت میں اضافے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 3 روز کے دوران سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے3 روز تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ شہر کی فضاوں پر دھند چھا سکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق دسمبر کے وسط تک موسم خنک اور بسا اوقات سرد ریکارڈ ہوسکتا ہے، اس دوران کم سے کم پارہ 16 ڈگری جبکہ درمیان میں کسی روز 15 ڈگری تک بھی گرسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ پارہ 30 سے32 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے، البتہ اس بات کا امکان بھی موجود ہے کہ سمندرکی جنوب مغربی ہوائیں بھی چلیں، سمندری ہواؤں کے سبب درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ہوسکتا ہے۔
رواں سال معمول سے زیادہ سردی پڑنے کا امکان
پاکستان بھر میں رواں سال معمول سے زیادہ سردی پڑنے کا امکان ہے۔اس حوالے سے سردار سرفراز چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں رواں سال موسم سرما معمول سے زائد سرد ہوگا ۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں سرد موسم کا آغاز نومبر کے وسط سے ہوگا جس دوران راتیں سرد ہونا شروع ہوجائینگی جبکہ نومبر کے آخر تک دن کے درجہ حرارت میں بھی خاطر خواہ کمی ہونا شروع ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بھی رواں سال سردی زیادہ پڑ سکتی ہے لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔انہوں نے بتایا کہ اکتوبر کا مہینہ ہمیشہ گرم ہوتا ہے تاہم گرمی کی شدت میں کمی نومبر کے پہلے ہفتے سے آنا شروع ہو جائے گی۔