الیکشن کی شرط پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں: شیخ رشید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہم تصادم کے بجائے الیکشن کی شرط پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان اسمبلیوں سے نکل آئے تو 567 نشستیں خالی ہوں گی، اپریل میں الیکشن ہوں گے، میں کابینہ کے اجلاس میں کہتا تھا اسمبلیاں توڑ دیں اور الیکشن میں جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی بے بس پولیس فیض آباد میں اسٹیج نہیں لگوا سکی، وفاقی وزیرِ داخلہ نے خوف و ہراس پیدا کیا، عوام کا سمندر الیکشن کے لیے ریفرنڈم تھا۔


شیخ رشید کا مزید کہنا ہے کہ اعظم سواتی کی گرفتاری الیکشن سے خوفزدہ حکومت کی سازش ہے، 77 وزراء عوام میں نہیں جا سکتے، گھروں میں قید و بند ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ تباہ حال معیشت اور سنگین سیاسی بحران قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، ہماری لڑائی چوروں سے ہے، چوکیداروں سے نہیں۔