نئے سپہ سالار سید عاصم منیر منگل سے فور اسٹار جنرل کے شولڈر رینک لگائینگے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے دستور پاکستان مجریہ 1973ء کے تحت حاصل آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے 24نومبر کو پاکستان آرمی کے جن دو لیفٹیننٹ جنرل صاحبان کی پروموشن کی ایڈوائس کی تھی اور جن کے نوٹیفکیشن اُسی روز وزارت دفاع نے جاری کئے تھے‘ اُن میں سے ایک فور سٹار جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اتوار کی ہفتہ واری تعطیل کے باوجود جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے18ویں چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔
وہ اپنی رہائشگاہ سے ہی شولڈر رینکس اور کالر میڈل اپنے گھر والوں کی موجودگی میں پہن کر آئے۔ دوسرے فور سٹار جنرل سید عاصم منیر کل منگل 29نومبر 2022ء کو تقریب تبدیلی کمان پاک آرمی میں آنے سے پہلے فور سٹار جنرل کے شولڈر رینکس اور کالر میڈل لگا کر پاکستان آرمی کے 17ویں چیف آف آرمی سٹاف کا عہدہ سنبھالیں گے۔
اس تقریب میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک پروقار عسکری تقریب میں جس کی حتمی تیاریاں ہاکی اسٹیڈیم جی ایچ کیو میں پیر کی شام مکمل کر لی جائینگی اُس میں آرمی کمان کی علامت ’’ملاکا سٹک‘‘ نئے حافظ قرآن اور اعزازی شمشیر یافتہ جنرل سید عاصم منیر کو دیں گے جس کے بعد سبکدوش ہونے والے آرمی چیف تقریب گاہ سے اپنی رہائش گاہ واپس چلے جائینگے۔
اعزازی شمشیر یافتہ پہلے حافظ قرآن سپہ سالار پاکستان سبکدوش ہونے والے جنرل قمر جاوید باجوہ کو ہاکی اسٹیڈیم جی ایچ کیو کے باہر تک جا کر الوداع کہیں گے۔ بعدازاں ائرچیف‘ نیول چیف‘ کور کمانڈر صاحبان اور پاکستان آرمی کے لیفٹیننٹ جنرل صاحبان‘ میجر جنرل صاحبان اپنے نئے آرمی چیف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دینگے۔ اس تقریب میں مسلح افواج کے سینکڑوں سینئر عہدیدار اپنی اپنی فیملی کے ساتھ شرکت کرینگے جن کو اس قومی پروقار تقریب میں شرکت کیلئے دعوت نامے آج شام تک مل جائینگے۔

WhatsApp
Get Alert