پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل ہوئیں تو وہاں نیا الیکشن ہوجائے گا، خواجہ آصف


پی ٹی آئی کے نصف سے زائد لوگ رابطے میں ہیں کہ استعفی منظور نہ کرنا،وزیردفاع
اسلام آ باد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل ہوئیں تو وہاں نیا الیکشن ہوجائے گا، عمران خان قانون اور آئین کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کرتے رہے ہیں، عمران خان نے اپنا آخری کارڈ کھیل لیا ہے، ان کی ساری چالیں اور کارڈ پٹ گئے ہیں، وہ پہلے قومی اسمبلی سے استعفے تو منظور کرائیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جب صوبائی اسمبلی سیاستعفی دیں گے تو دیکھ لیں گے کتنے لوگ استعفی دیتے ہیں، پی ٹی آئی کے آدھے سے زائد لوگ رابطے میں ہیں کہ استعفے منظور نہ کرنا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں ٹوٹتی ہیں تو دونوں اسمبلیوں میں نیا الیکشن ہوجائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب سے متعلق خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری پرویز الہی نے سیاست میں کبھی لمبا چوڑا رسک نہیں لیا، پرویزالہی ہمیشہ بھاری پلڑے کی طرف ہی ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ بادشاہ والا ذہن تو نہیں رکھ سکتے، اب ہم ملک سے مہنگائی ختم کرنے پر توجہ دیں گے، ہماری کوشش ہوگی کہ عام آدمی کوریلیف ملے، ہم الیکشن تک معیشت میں جان ڈالنے کی کوشش کریں گے۔