کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں کو سردی میں اضافے کے ساتھ گیس پریشر میں کمی کا سامنا


گیس کے بل دوگنے آ رہے ہیں ،گھریلو استعمال کیلئے بھی گیس بالکل دستیاب نہیں ، صارفین پھٹ پڑے
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ، قلات اور زیارت سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں در جہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا، سردیوں میں اضافے کے ساتھ سوئی گیس کے پریشر میں کمی سے شہریوں کو دشواریوں کا سامنا کر نا پڑا۔تفصیلات کے مطابق وادی کوئٹہ اور گردو نواح میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی متعدد علاقوں میں سوئی گیس کے پریشر میں کمی کا مسئلہ بھی شدت اختیار کر گیا ہے۔
شہریوں اور صارفین نے کہا کہ گیس کے بل دوگنے آ رہے ہیں ،گھریلو استعمال کیلئے بھی گیس بالکل دستیاب نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ 30-35 ہزار بل آرہا ہے لیکن گیس کا نام و نشان نہیں، غریب لوگ سلنڈر بھی افورڈ نہیں کر سکتے ہیں۔سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹیڈ (ایس ایس جی سی ایل) کے ترجمان سلمان احمد صدیقی نے بتایا کہ حالیہ سیلاب کے باعث صوبے میں گیس پائپ لائینوں کو ہونے والے نقصانات کے بعد بولان میں گیس پائپ لائنوں کی مرمت کا کام جاری ہے
ساتھ ہی سوئی گیس کمپنی کو ڈیمانڈ اور سپلائی میں کمی کے باعث پریشر میں کمی کا مسئلہ بھی درپیش ہے۔ترجمان ایس ایس جی سی ایل کے مطابق 80 فیصد مرمتی کام مکمل کر لیا گیا ہے تاہم تقریباً 20 فیصد کام ابھی باقی ہے جو ہفتے دس دن میں مکمل کر لیا جائے گا، مرمتی کام مکمل ہونے سے گیس پریشر کی کمی کے مسئلے میں بہتری آجائے گی، جہاں ہماری گیس پائپ لائن پریشر نہیں پہنچا پا رہی وہاں بھی پریشر درست ہو جائے گا۔ترجمان کے مطابق سوئی گیس پریشر میں کمی اور گیس کی بندش کے ساتھ ساتھ گیس کی پیداوار میں کمی بھی بنیادی مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔