صدر مملکت اور وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی الگ الگ الوداعی ملاقات
عارف علوی اور شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی خدمات کو سراہا ، مستقبل کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار
وزیراعظم میاں شہباز شریف کی جانب سے آرمی چیف کیلئے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ(آج)ریٹائرڈ ہو جائینگے
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم میاں شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الگ الگ الوداعی ملاقات کی ۔جاری اعلامیہ کے مطابق صدر عارف علوی سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایوان صدر میں ملاقات کی، صدر مملکت نے جنرل قمر جاوید باجوہ کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ،
انہوں نے ریٹائر ہونے والے آرمی چیف کی دفاعی شعبے میں خدمات کو سراہا۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الوداعی ملاقات کی، وزیراعظم نے آرمی چیف کی خدمات کو سراہا اور ان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر شاندار استقبال کیا گیا،
ملاقات کے دوران وزیراعظم اور سپہ سالار میں خوشگوار انداز میں گفتگو اور باہمی دلچسپی کے امور، پیشہ ورانہ معاملات پر بات چیت ہوئی، وزیراعظم نے آرمی چیف کی ملکی خدمات کو سراہا۔اس موقع پر وزیراعظم میاں شہباز شریف کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کیلئے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 29 نومبر کو ریٹائرڈ ہوں گے۔