عمران خان اسمبلیاں تحلیل کرنے سے متعلق اعلان کب کریں گے؟


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان آئندہ ہفتے اسمبلیاں تحلیل کرنے سے متعلق اہم اعلان کریں گے۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان آئندہ ہفتے ویڈیو لنک پر پی ٹی آئی کے تمام ارکان اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کے پی اور پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس بھی طلب کر لیے، کے پی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جمعے جبکہ پنجاب پارلیمانی پارٹی اجلاس ہفتے کو ہو گا۔پی ٹی آئی ذرائع نے کہا کہ عمران خان دونوں صوبائی پارلیمانی پارٹیوں کو اسمبلیاں تحلیل کرنے پر اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان موجودہ سیاسی صورتحال میں اپنی حکمت عملی سے ارکان کو آگاہ کریں گے۔واضح رہے کہ ہفتے کے روز راولپنڈی میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں عمران خان نے کہا تھا کہ ہم اس کرپٹ سسٹم کا حصہ نہیں بنیں گے، اسمبلیوں سے نکلنے کے لیے حتمی تاریخ کا اعلان مشاورت سے ہو گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں نے وزرائے اعلیٰ سے بات کی ہے، پارلیمنٹری پارٹی سے بھی مشاروت کر رہا ہوں، آنے والے دنوں میں اعلان کریں گے کہ کس دن ساری اسمبلیوں سے باہر نکل رہے ہیں۔