کراچی؛ گھر میں چھری کے وار سے 2 بچیاں اور 2 خواتین قتل
کراچی(قدرت روزنامہ) شہر قائد میں چھری کے وار سے بچوں سمیت چار افراد کو ذبح اور ایک شخص کو زخمی کردیا گیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی ملیر کے علاقے شمسی سوسائٹی میں واقع مکان میں یہ دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جس میں چھری کے وار سے چار افراد کو قتل اور ایک شخص کو زخمی کردیا گیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ادارے جائے وقوع پہنچ گئے، لاشوں اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا، پولیس نے جائے وقوع سے شواہد جمع کرکے اپنی تحقیقات اور بیانات قلم بند کرنے کا سلسلہ شروع کردیا۔
جاں بحق افراد میں دو بچیاں اور دو خواتین شامل ہیں، تمام خواتین کے گلے کٹے ہوئے ہیں جنہیں بے دردی کے ساتھ ذبح کیا گیا ہے، مکان کی پہلی منزل پر یہ واقعہ پیش آیا، نیچے موجود کرائے داروں کا کہنا ہے کہ اوپر مکان سے شور شرابے اور رونے کی آوازیں آرہی تھیں، واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی اور ہدایت دی ہے کہ جلد ازجلد تحقیقات کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔