عمران خان کو پرویز الٰہی اسمبلی مدت پوری کرنیکا مشورہ دیں گے، ملاقات 24 گھنٹوں میں متوقع


لاہور(قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اسمبلی کی مدت پوری کرنے کا مشورہ دیں گے۔اس حوالے سے انتہائی ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ ق لیگ کے مرکزی رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کے خلاف ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ صوبہ پنجاب میں شروع کیے گئے ترقیاتی کاموں کو مکمل کرانا چاہتے ہیں کیونکہ ان کے خیال میں منصوبے ادھورے چھوڑنے کا نقصان ہو گا جب کہ حکومتی مدت پوری کرنے کا فائدہ پی ٹی آئی کو ہو گا۔اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اگر سابق وزیراعظم عمران خان کو دیے جانے والے مشورے پر راضی نہ کرسکے تو پھر اسمبلی تحلیل کردیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے درمیان ملاقات آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران متوقع ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی سینئر لیڈر شپ کے منعقدہ اجلاس کے حوالے سے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے بتایا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے چیئرمین کی آج ملاقات ہو گئی ہے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے کل ہو گی۔