پیپلز پارٹی 55 سال اور 3 نسلوں کی داستان ہے: شیری رحمٰن

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی 55 سال اور 3 نسلوں کی داستان ہے، کوئی چند سالوں کی بات نہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یومِ تاسیسں کے موقع پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ پارٹی قائدین، کارکنان اور چاہنے والوں کو پارٹی کا 55 واں یوم تاسیس مبارک ہو۔
انہوں نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار بھٹو، شہید بینظیر بھٹو، تمام شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہوں، ذوالفقار علی بھٹو نے ساتھیوں سمیت جس پارٹی کی بنیاد رکھی وہ ملک کی بقا کی علامت بن گئی ہے۔


پی پی رہنما نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی عوام میں جڑیں اتنی گہری ہیں کہ کوئی بھی اسے ختم نہیں کر سکتا۔شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی 55 سال بعد ایک جماعت نہیں بلکہ ایک مضبوط نظریہ بن چکی ہے۔


پیپلز پارٹی کی نائب صدر نے مزید کہا کہ شہید بھٹو کا آئین ہی تمام اکائیوں اور 22 کروڑ عوام کے بیچ ایک سماجی معاہدہ ہے، شہید بھٹو کے آئین ہی نے سب کو جوڑ کر رکھا ہوا ہے، ماضی میں پیپلز پارٹی کو ختم کرنی کی ایک بار نہیں، کئی بار سازشیں کی گئیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی زیرِ قیادت شہید بھٹو اور شہید بی بی کے مشن پر عمل پیرا ہے، ہم سب اس مشن کے حصول میں چیئرمین بلاول بھٹو کے ساتھ ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے یومِ تاسیس کا مرکزی جلسہ آج نشتر پارک کراچی میں ہو گا، جس سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔