لاڑکانہ کے بعد پاکستان کے ایک اور بڑے شہر میں ایڈز کے پھیلنے کا انکشاف

کراچی(قدرت روزنامہ) لاڑکانہ کے بعد شہر قائد میں بھی ایچ آئی وی ایڈز پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل معتدی الامراض سندھ ڈاکٹر ارشاد کاظمی نے اپنے وڈیو بیان میں کہا ہے کہ محتاط اندازے کے مطابق سندھ میں 70 تا 78 ہزار ایچ آئی وی مریض ہیں، ان میں سے صرف 13 ہزار 864 مریض رجسٹرڈ ہیں، متاثر ہونے والوں میں 9166 مرد،2461 خواتین، 1126 لڑکے، 730 لڑکیاں اور 421 خواجہ سرا شامل ہیں۔ لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کے رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 2 ہزار 430جب کہ حیدرآباد میں ایک ہزار 89 تک پہنچ گئی ہے۔

ڈاکٹر ارشاد کاظمی نے کہا کہ کراچی میں ایچ آئی وی کے 6 ہزار 768 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، کراچی کے ضلع وسطی میں سب سے زیادہ مریض ہیں ضلع وسطی میں ایچ آئی وی کے 2 ہزار 725 کیسز موجود ہیں، ضلع جنوبی میں 1 ہزار 35 اور ضلع غربی میں 998، کورنگی میں 907، ملیر میں 667 جب کہ ضلع شرقی میں ایچ آئی سی ایڈز کے 436 رجسٹرڈ مریض موجود ہیں۔