چکن فرائی نہ پکانے پر شوہر نے بیدردی سے بیوی کو قتل کر دیا

ممبئی (قدرت روزنامہ)بھارت میں شوہر نےچکن فرائی نہ پکانےپر تین بچوں کی ماں کو بے دردی سے قتل کر دیا اور لاش نزدیکی نہر میں پھینک دی ۔بھارتی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق بنگلور کے رہائشی ملزم مبارک نے اپنی بیوی سے رات کے کھانے میں چکن فرائی پکانے کو کہا تھا ، لیکن رات کو گھر لوٹا تو چکن فرائی نہیں بنی تھی جس پر شوہر آپے سے باہر ہو گیا اور بیوی کے سر پر ڈنڈا مار کر قتل کر دیا ، ملزم نے بیوی کی لاش نزدیکی نہر میں پھینک دی اور خاموش ہو گیا۔مقتولہ کے والدین کا مقتولہ سے آخری بار رابطہ 18 اگست کو ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے کئی مرتبہ اپنی بیٹی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی اور رابطہ نہ ہونے پر ملزم سے بھی پوچھا جو تسلی بخش جواب نہ دے سکا جس پر مقتولہ کے والدین نے پولیس میں شکایت کی ، پولیس نے شک کی بنا پر ملزم کو پکڑ کر تفتیش کی مگر ملزم نے کوئی بھی بات سیدھے سے نہ کی ۔بعد ازاں ملزم مبارک پاشا اپنے وکیل کے ساتھ تھانے گیا اور اعتراف کیا کہ اس نے رات کو گھر جا کر اپنی بیوی سے چکن فرائی سے متعلق پوچھا مگر بیوی نے غصے اور تکبر سے جواب دیا جس پر غصے میں ملزم نے سر پر ڈنڈوں کے وار کر کے بانو کو قتل کر دیا اور لاش نہر میں پھینک دی ۔پولیس کے مطابق خاتون کی لاش کی تلاش جاری ہے ۔