دوستوں کو پارٹی دینے کے لیے سنگدل باپ نے ایک ماہ کی بیٹی فروخت کر دی

بھارت (قدرت روزنامہ) والدین اپنی اولاد کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہوتے ہیں ، اولاد کو مشکلات سے بچانے کے لیے دن رات محنت کرتے اور انہیں ایک بہتر اور اچھا مستقبل دینے کے لیے دن رات محنت کرتے اور پیسے جمع کرتے ہیں تاکہ اپنی اولاد کو پُر آسائش زندگی کے ساتھ ساتھ انہیں اچھی تعلیم بھی دلوا سکیں اور یہ سب کرنے میں ماں اور باپ دونوں کا ہی اہم کردار ہوتا ہے۔
لیکن دنیا کے کچھ ممالک ایسے بھی ہیں جہاں بیٹا اور بیٹی میں فرق کرنے والی دقیانوسی سوچ آج بھی قائم ہے اور ایسے ممالک میں بھارت بھی پیش پیش ہے جہاں بیٹی کو بوجھ سمجھا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ بیٹیوں کو کچھ پیسوں کے عوض آج بھی فروخت کر دیا جاتا ہے۔ حال ہی میں بھی بھارت میں ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا جہاں دوستوں کو پارٹی دینے کے لیے ایک سنگدل باپ نے اپنی ایک ماہ کی بیٹی کو فروخت کر دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والے سنگ دِل باپ نے دوستوں کو پارٹی دینے کے لیے اپنی ایک ماہ کی بیٹی کو فروخت کردیا۔ مقامی پولیس نے بتایا کہ بدھرام چتومبا نامی شخص نے اپنے دوستوں سے پارٹی دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس کے پاس شراب کا انتظام کرنے کے لیے رقم نہیں تھی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے قریبی گاؤں کے ایک جوڑے کو اپنی رہائش گاہ پر بلایا اور 30 ہزار روپے کے عوض اپنی 28 دن کی بچی کو انہیں فروخت کردیا۔
بچی کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ شوہر نے بچی کو مجھ سے چھین کر جوڑے کو تھما دیا اور تشدد کے ڈر سے میں نے کسی قسم کا ردعمل نہیں دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی دو بیویاں ہیں، پہلی بیوی سے اس کے 6 اور دوسری بیوی سے 3 بچے ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد سے ملزم مفرور ہے جس کی گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔