پی ڈی ایم کے کراچی جلسے میں مریم نواز کی بجائے شہباز شریف شرکت کریں گے

لاہور (قدرت روزنامہ) کراچی میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے میں مریم نواز کے بجائے شہباز شریف شرکت کریں گے اور ن لیگ نے شہباز شریف کے دورہ کراچی کا شیڈول تیار کر لیا ہے۔ ذرائع مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے میں مریم نواز شرکت نہیں کرے گی بلکہ شہباز شریف جلسے میں شریک ہوں گے اور اس حوالے سے مسلم لیگ ن نے سندھ اور کراچی کی تنظیم کو تیاریوں کی ہدایت کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے شہباز شریف کے دورہ کراچی کا شیڈول تیار کرلیا ہے ، مسلم لیگ ن سندھ کے رہنما ائیرپورٹ پر شہباز شریف کااستقبال کریں گے اور مسلم لیگ ن سندھ ریلی کی شکل میں جلسہ گاہ روانہ ہوں گے۔
دورے کے دوران شہباز شریف کراچی میں مختلف سیاسی و کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، جس میں سندھ سے اہم شخصیات کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا بھی امکان ہے جبکہ شہباز شریف کراچی میں لیگی رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقات کریں گے۔صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف 27 اگست کو کراچی پہنچیں گے اور وہ تین دن کراچی میں قیام کریں گے جبکہ اس دوران وہ پیر پگارا، جلال محمود شاہ اور امیر بخش بھٹو کے گھر تعزیت کیلئے جائیں گے اور کراچی میں بزنس کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔