کھیل

پنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن ختم، انگلینڈ کے 4 وکٹوں پر 506 رنز


راولپنڈی (قدرت روزنامہ)پاکستان کے خلاف تین میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا، انگلینڈ نے صرف 4 وکٹیں گنوا کر 506 رنز بنالیے۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جارہے اس میچ میں انگلینڈ ٹیم نے ابتدا سے ہی رنز بنانے کا جو سلسلہ شروع کیا وہ دن کی آخری گیند تک جاری رہا۔ پنڈی ٹیسٹ کے پہلے ہی روز مہمان ٹیم کے چار کھلاڑیوں نے اپنی سنچریاں مکمل کیں۔
اوپننگ بلے بازوں جیک کراؤلے اور بین ڈکیٹ نے 233 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر اپنی ٹیم کے ارادے ظاہر کیے۔ اس اسکور پر 107 رنز بنانے والے بین ڈکیٹ آؤٹ ہوئے، جنہیں پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے زاہد محمود نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں 122 رنز پر کھیلے والے زیک کراؤلے کو حارث رؤف نے بولڈ کیا تو دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد قومی کھلاڑیوں کو کچھ راحت ملی۔
کریز کے ایک اینڈ پر موجود اولی پوپ نے جو روٹ کے ساتھ 51 رنز کی شراکت بنائی لیکن 286 کے مجموعے پر جو روٹ زاہد محمود کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس کے بعد اولی پوپ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ہیری بروک کے ساتھ مل کر 176 رنز کی برق رفتار پارٹنر شپ بنائی جہاں انہوں نے اپنی سنچری بھی مکمل کی۔ اولی پوپ کو 462 کے مجموعے پر ڈیبیو کرنے والے محمد علی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
چار وکٹیں گر جانے کے باوجود انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ہیری بروک کے ساتھ مل کر جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی، اس دوران ہیری بروک نے اپنی سنچری مکمل کی۔ خراب روشنی کے باعث کھیل 75 اوورز میں ہی ختم کردیا گیا۔ دن کے اختتام تک انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 506 رنز بنالیے تھے۔انگلش کپتان بین اسٹوکس 34 اور ہیری بروک 101 رنز کے ساتھ اگلے دن کے کھیل کا آغاز کریں گے۔
ٹاس:
انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹاس کے موقع پر انگلش کپتان بین اسٹوکس کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکل حریف ہے، اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے، میچ کے لیے پُرجوش ہیں۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ پچ اچھی نظر آرہی ہے۔
پلیئنگ الیونز:
انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس اور لیام لیونگسٹن نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد علی، زاہد محمود، حارث رؤف اور سعود شکیل کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے۔نائب کپتان محمد رضوان نے زاہد محمود کو جبکہ سرفراز احمد نے سعود شکیل کو ٹیسٹ کیپ دی۔
بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے محمد علی کو اور کپتان بابر اعظم نے حارث رؤف کو ٹیسٹ کیپ پیش کی۔ اس سے قبل اگست 2003 میں بنگلادیش کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں چار کھلاڑیوں کا ڈیبیو ہوا تھا۔
19 سال قبل کراچی میں محمد حفیظ، عمر گل، شبیر احمد اور یاسر حمید کا ڈیبیو ہوا تھا۔پاکستان کی ٹیم کپتان بابر اعظم، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، اظہر علی، سعود شکیل، محمد رضوان، آغاز سلمان، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد علی اور زاہد محمود پر مشتمل ہے۔


انگلش ٹیم بین اسٹوکس کی قیادت میں میدان میں اتری، جس کے دیگر کھلاڑیوں میں زیک کراؤلے، بین ڈکیٹ، جو روٹ، اولی پوپ، ہیری بروک، ول جیکس، لیام لیونگسٹن، اولی روبنسن، جیک لیچ اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔

راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں آج دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کی تقریب رونمائی میں بھی شرکت کی۔

متعلقہ خبریں