کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ حکومت کی کروڑوں روپے مالیت کی گندم ایک بار پھر غائب ہو گئی . تفصیلات کے مطابق سندھ میں ایک کے بعد ایک سرکاری گندم چوری کے اسکینڈل سامنے آرہے ہیں، اب محکمہ خوراک سندھ کی سرکاری گندم کا نیا اسکینڈل سامنے آگیا ہے .
سندھ کے 8 سرکاری گوداموں سے کروڑوں مالیت کی ہزاروں ٹن گندم دوبارہ غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، نوشہروفیروز کے 8 گوداموں سے 13 ہزار میٹرک ٹن سے زائد کی گندم غائب ہو گئی ہے . رپورٹ کے مطابق محکمہ خوراک کی رپورٹ نے کھلبلی مچا دی، غائب گندم کی مالیت 70 کروڑ سے زائد ہے .
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نوشہروفیروز نے تحریری رپورٹ سیکریٹری محکمہ خوراک کو بھیجتے ہوئے سرکاری گندم غائب ہونے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی درخواست کر دی ہے . واضح رہے کہ اس سے قبل بھی نیب اور اینٹی کرپشن اربوں روپے کی گندم چوری کی تحقیقات میں مصروف تھے .