حالیہ دہشت گردی، حکومت کو نیشنل سی ٹی ڈی بنانے کی تجویز، ذرائع


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حالیہ دہشت گردی کی نئی لہر کے بعد حکومت کو تجویز نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا رائے طاہر کی جانب سے حکومت کو نیشنل سی ٹی ڈی بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق نیکٹا کے زیر نگرانی نیشنل سی ٹی ڈی وفاق کی سطح پر بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اقدام سے نیشنل اور انٹرنیشنل کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی مؤثر ہوسکے گی۔تجویز کے مطابق وفاق میں بھی نیشنل سی ٹی ڈی کے اپنے تھانے ہوں گے جبکہ صوبائی سی ٹی ڈی اپنے طور پر کارروائیاں جاری رکھ سکے گی۔
حکومت کو تجویز دی گئی ہے کہ نیشنل سی ٹی ڈی ملک بھر میں کارروائیاں کرسکے گی اور اس کے لیے ابتدائی طور پر 2 ارب روپے کا تخمینہ ہے۔ذرائع کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نیشنل سی ٹی ڈی دہشت گردی کے خلاف ایک موثر ادارہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے یہ تجویز بھی شامل ہے کہ نیشنل سی ٹی ڈی موجودہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت بنایا جائے۔واضح رہے کہ کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں 30 نومبر کو بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔