سعودی عرب نے ایک بار پھر بڑے بھائی کا کردار ادا کیا، شہباز شریف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ایک بار پھر بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے۔وزیراعظم نے سعودی عرب کے 3 ارب ڈالر واپسی کی معیاد میں توسیع کا خیر مقدم کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ سعودی وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بالخصوص شکریہ ادا کرتے ہیں اور اُن کی پاکستان سے محبت کی تہہ دل سے قدر کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ایک بار پھر بڑے بھائی کا کردار ادا کیا، سعودی عرب نے پاکستان سے اپنی بے مثال محبت کا ثبوت دیا۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب کے اقدام سے پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی خود انحصاری اولین قومی ایجنڈا ہے، سیاسی استحکام اور میثاق معیشت وقت کی ضرورت ہے۔