وزیر اعظم نے گیس لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم شہباز شریف نے گیس لوڈشیڈنگ کی شکایات کا نوٹس لے لیا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے گیس کی لود شیڈنگ کی شکایات سے متعلق کل لاہور میں اجلاس طلب کر لیا۔
وزیر اعظم نے اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مصدق ملک اور متعلقہ حکام کو شرکت کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں کو گیس لوڈشیڈنگ میں ریلیف دینے کا پلان مانگ لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
اجلاس میں گیس کی قلت کی وجہ سے بجلی کی پیداوار میں ممکنہ کمی پر بھی غور کیا جائے گا۔واضح رہے کہ موسم سرما کے آغاز سے قبل ہی ملک بھر میں گیس لوڈ شیڈنگ کا آغاز ہوگیا تھا جو وقت کے ساتھ ساتھ شدت اختیار کرگیا ہے۔