پاکستان میں ایکسپائرڈ ویزوں پر مقیم غیر ملکیوں کے قانونی ایگزیٹ کیلئے آخری موقع


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزارتِ داخلہ پاکستان نے ملک میں زائد المیعاد ویزوں کے باوجود قیام پزیر غیر ملکیوں کے لیے عام رعایت کا اعلان کرتے ہوئے انہیں پاکستان سے قانونی ایگزیٹ کا آخری موقع فراہم کیا ہے۔وزارتِ داخلہ کے ذرائع کے مطابق فارنرز ایکٹ 1946ء کے تحت زائد از مدت ویزے والے غیر ملکیوں کی سزا 3 سال قید ہے۔
ایسے غیر ملکیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ 31 دسمبر 2022ء کے بعد 1 سال سے زائد مدت ویزے والے غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی جائے گی اور پاکستان میں آئندہ انٹری کے لیے ایسے غیر ملکیوں کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔وزارتِ داخلہ کی جانب سے ایسے غیر ملکیوں کو 31 دسمبر 2022ء سے پہلے پہلے پاکستانی حکام سے ایگزیٹ پرمٹ حاصل کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایسے غیر ملکی پاکستان آن لائن ویزا سسٹم (POVS) کے ذریعے اپنی درخواست دے سکتے ہیں تاہم بھارت اور صومالیہ سے تعلق رکھنے والے زائد المیعاد ویزے والے شہریوں کو ایگزیکٹ پرمٹ کے حصول کے لیے وزارتِ داخلہ کے متعلقہ سیکشن میں جا کر درخواست کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تمام غیر ملکیوں کو ایگزیٹ پرمٹ کے حصول کے لیے کوئی اضافی چارجز نہیں دینا ہوں گے اور نہ ہی ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی قانونی کارروائی کی جائے گی۔