عمران خان سیاست میں دوسرے شیخ رشید ہیں: سعید غنی


کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ کے وزیرِ محنت سعید غنی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم سے معاہدہ کوئی مک مکا نہیں ہے، عمران خان سیاست میں دوسرے شیخ رشید ہیں۔یہ بات انہوں نے کراچی کے علاقے جمشید ٹاؤن میں اسپرے مہم کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔سعید غنی نے اس موقع پر بلدیہ شرقی کے ملازمین میں صحت کارڈ بھی تقسیم کیے اور کہا کہ صحت اور تعلیم پر کوئی سمجھوتا نہیں کر سکتا۔
ان کا کہنا ہے کہ آج ملک بھر میں مہنگائی بڑھ گئی ہے، صحت کارڈ سے پوری فیملی اپنا علاج کرا سکے گی۔صوبائی وزیرِ سندھ نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر ایم کیو ایم سے مشاورت کے بعد ہی لگایا جائے گا، بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کے بعد میئر بااختیار ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت اچھی چیز ہے، تاہم اگر پی ٹی آئی سنجیدگی دکھائے گی تو اس سے بات چیت ہو گی۔سعید غنی نے کہا کہ پرویز الہٰی نے عمران خان کو کہہ دیا کہ پلستر لگا کر 3 ماہ تک بیٹھ جائیں، عمران خان پاکستان کی سیاست کا ماضی بن چکے۔
انہوں نے کہا کہ باجوہ صاحب نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ہم غیر سیاسی ہیں، مونس اور پرویز الہٰی کے انٹرویو کے بعد جنرل باجوہ کو خود بیان دینا چاہیے۔
وزیرِ محنت سندھ نے مزید کہا کہ متاثرینِ سیلاب کو ریلیف دینے کے لیے سندھ حکومت کوشاں ہے، سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جو گھر تباہ ہوئے ہیں وہ بنا کر دیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ چند ماہ میں متاثرہ علاقوں میں کام ہوتا نظر آئے گا، ایم کیو ایم کا ایڈمنسٹریٹر کچھ دنوں کےلیے آئے گا، جو میئر منتخب ہوکر آئے گا وہی شہر کے لیے کام کرے گا۔