تسنیم حیدر کا میاں نواز شریف پر الزام جھوٹا ہے: اعتزاز احسن


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ارشد شریف کے قتل سے متعلق تسنیم حیدر کا میاں نواز شریف پر الزام جھوٹا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ اس بیان کی وجہ سے نواز شریف پاکستان آنے کے متعلق 100 بار سوچیں گے۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ اب کیس لندن میں بھی بنے گا جہاں ایسے بیان کو سنجیدہ لیا جاتا ہے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ تسنیم حیدر کا بیان نواز شریف کے لیے بہت خطرناک ہے، اسکاٹ لینڈ یارڈ لندن میں بھی ان سے سوال کرے گی۔ان کا کہنا ہے کہ پولیس کی مدعیت میں اسلام آباد میں ارشد شریف کا مقدمہ درج کر کے خراب کر دیا گیا۔
چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ قتل اور تشدد دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ قاتل کو ارشد شریف پر بہت غصہ تھا۔انہوں نے کہا کہ کیس میں زیادہ پیچیدگیاں نہیں، موبائل اور لیپ ٹاپ مل گیا تو 8 دن میں حل ہو جائے گا۔
پی پی رہنما کا یہ بھی کہنا ہے یہ روایت چل پڑی ہےکہ کسی کی دل آزاری ہوتی ہے تو وہ 100 جگہوں پر پرچے کرا دیتا ہے، ایسا ہی جنگ گروپ کے میر شکیل الرحمٰن کےساتھ بھی ہوا، اب اعظم سواتی کے ساتھ بھی ہو رہا ہے۔