ایس بی سی اے کا لیگل ڈیپارٹمنٹ بھی کرپٹ ہے، سندھ ہائیکورٹ


کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سندھ بلـڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) ایک کرپٹ ادارہ ہے اور اس کا لیگل ڈیپارٹمنٹ بھی کرپٹ ہے۔سندھ ہائی کورٹ میں ایف بی ایریا پلاٹ نمبر آر 53 اے پر غیرقانونی تعمیرات نہ گرانے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی) ایس بی سی اے، ڈپٹی ڈائریکٹر سینٹرل ایس بی سی اے اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر ڈی جی ایس بی سی اے اور دیگرکی سرزنش کی گئی۔جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہائی کورٹ ہے آپ کو یہی سے جیل بھیج دیں گے۔
ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ہم نے ٹاسک فورس بنائی ہے روزانہ کارروائی کر رہے ہیں۔جسٹس ندیم اختر نے کہا کہ آپ کا ڈیپارٹمنٹ کچھ نہیں کر رہا ہے، ساری غیر قانونی تعمیرات آپ کی ملی بھگت سے ہوتی ہے، یہاں جو لوگ پیش ہوتے ہیں وہ عدالت کی کوئی معاونت نہیں کرتے۔
سندھ بلـڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کہا کہ حکومت نے ڈپٹی کمشنر کو بھی غیر قانونی تعمیرات پر کارروائی کا اختیار دیا ہے۔جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ سے بہت نرمی سے بات کر رہے ہیں آپ اس کے مستحق نہیں، پہلے تسلیم کریں کہ آپ کا ادارہ کچھ نہیں کر رہا، آپ بتانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آپ کا ادارہ سب سے اچھا ہے۔
عدالت نے سوال کیا کہ جواب کہاں ہے آپ کا؟ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے نے کہا کہ کارروائی کے لیے مزید مہلت درکار ہے۔جسٹس ندیم اختر نے کہا کہ جنوری میں آرڈر ہوا ہے دسمبر میں ایف آئی آر کروا رہے ہیں۔ڈی جی ایس بی سی اے نے بتایا کہ مجھے لیگل ڈیپارٹمنٹ نے تاخیر سے بتایا ہے۔
جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایس بی سی اے ایک کرپٹ ادارہ ہے، لیگل ڈیپارٹمنٹ بھی کرپٹ ہے۔جسٹس ندیم اختر نے لیگل ہیڈ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عدالتی احکامات کے بارے میں مت بتائیں، کئی اور کیسز میں ڈی جی ایس بی سی اے کو شوکاز نوٹس ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت میں بیہودہ جواب جمع کرایا گیا، ہم مسترد کر رہے ہیں، آئندہ کوئی نامکمل یا بیہودہ جواب جمع کرایا تو سیدھا جیل جائیں گے۔سندھ بلـڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ 15دن کی مہلت دیں عدالتی احکامات پر عملدرآمد کردیں گے، تمام آرڈرز پر عمل درآمد کر دیں گے۔