گوگل سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹر، ملک میں رابطہ دفتر قائم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) گوگل نے خود کو سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹر کرواکر ملک میں اپنا رابطہ دفتر قائم کرلیا۔ اب سنگاپور سے گوگل کا اعلیٰ سطحی وفد 11 دسمبر کو پاکستان کا دورہ کرنے والا ہے تاکہ اگلے ہفتے سے اپنے دفتر کے کام کو بہتر طریقے سے چلانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جائیں۔
رابطہ کرنے پر گوگل کے ترجمان نے بتایا کہ ہم نے حال ہی میں پاکستان میں کاروباری مواقع تلاش کرنے، مقامی طور پر اپنی مصنوعات اور خدمات کو بہتر انداز میں مارکیٹ کرنے اور ملک کے تیزی سے بڑھتے ہوئے ٹیک ایکو سسٹم کو سپورٹ کرنے کے لیے ایک رابطہ دفتر کھولا ہے۔
وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام سید امین الحق نے کہا کہ گوگل کی اعلیٰ سطحی ٹیم اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کرے گی تاکہ ملک میں اس کے دفتر کے کام کاج کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان آئیں گے جیساکہ ٹک ٹاک بھی اپنا دفتر قائم کرنے کے لیے پاکستان آئے گا۔