اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ مارگلہ ہلز کا ٹریل 6 بند کر کے لیپرڈ پریزرویشن پارک بنایا ہے، اس زون میں کیمرہ ٹریپس کی مدد سے 9 تیندوؤں کی نشاندہی کی گئی ہے . وفاقی وزیرِ ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے مارگلہ نیشنل پارک میں قائم لیپرڈ پریزرویشن زون کا دورہ کیا .
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ تیندوؤں کے تحفظ اور لوگوں کی حفاظت کے لیے صرف گائیڈڈ ٹورز کی اجازت ہے .
ہم نے اپنے نیشنل پارکس میں 12 فیصد اضافہ کیا ہے . ہماری کوشش ہے کہ اس طرح کی قدرتی مسکن کی حفاظت کی جائے . یہ ان جانوروں کے علاقے ہیں، ہمیں قدرتی جنگلی حیات کو اپنی مسکن واپس دینے ہوگے . جنگلی حیات، قدرتی ماحولیات اور اس نیشنل پارک کو بحال کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے . 3/3
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) December 11, 2022
انہوں نے کہا کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک ملک کا قیمتی اثاثہ ہے، اس نیشنل پارک کا شمار محفوظ علاقوں میں ہوتا ہے . شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک جانوروں، پرندوں اور دیگر جنگلی حیات کا قدرتی مسکن ہے، یہ پاکستان کے لیے مثبت خبر اور بڑی کامیابی ہے .
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم نے نیشنل پارکس میں 12 فیصد اضافہ کیا ہے، ہمیں قدرتی جنگلی حیات کو ان کے مسکن واپس دینے ہوں گے . ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جنگلی حیات، قدرتی ماحولیات اور نیشنل پارک کی بحالی ہم سب کی ذمے داری ہے .