سندھ ہائیکورٹ نے اعظم سواتی کی مزید مقدمات میں گرفتاری روک دی


کراچی(قدرت روزنامہ) سندھ ہائیکورٹ نے مزید مقدمات میں پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی نے والد کی سندھ میں گرفتاری کے خلاف نئی درخواست دائر کی تھی جس کی فوری سماعت کی استدعا کی گئی تھی۔
سندھ ہائیکورٹ نے عثمان سواتی کی درخواست کو فوری سماعت کے لئے منظور کیا جس پر جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی، عدالت نے درخواست پر مختصر سماعت کے بعد مزید مقدمات میں اعظم سواتی کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے عثمان سواتی کی دونوں درخواستوں کو یکجا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی جی سندھ اور پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو نوٹسز جاری کردیئے۔عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ سے 14 دسمبر تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت بدھ تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی متنازع ٹوئٹ کے کیس میں گرفتار ہیں جنہیں گزشتہ ہفتے سندھ پولیس نے گرفتار کیا اور انہیں بلوچستان سے سکھر منتقل کیا گیا۔