پاکستان

ن لیگ نے آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کر دیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن نے آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کر دیا، انتخابات کے لئے عوامی رابطہ مہم نواز شریف خود چلائیں گے، کون سچا کون جھوٹا بیانیہ کی جنگ بھی تیز کرنے کا فیصلہ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے آئندہ عام انتخابات کے لئے عوامی رابطہ مہم شروع کر دی۔ پہلے مرحلے میں ملک بھر میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کا آغاز کر دیا گیا، 13 دسمبر کو اسلام آباد میں ورکرز کنونشن کا انعقاد ہو گا، آئندہ عام انتخابات میں پارٹی قائد اور مسلم لیگ ن کا بیانیہ عوام تک پہنچانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی وطن واپسی سے قبل گھر گھر لیگی بیانیہ پہنچانے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔ نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ مسلم لیگ ن کا بیانیہ گھر گھر پہنچایا جائے، عدالتی فیصلوں اور بین الاقوامی سطح پر لگائے گئے الزامات جھوٹ ثابت ہوئے، بیانیہ کا حصہ بنایا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی آج پریس کانفرنس بھی اس سلسلہ کی کڑی ہے، انتخابات کے لئے عوامی رابطہ مہم سابق وزیر اعظم نواز شریف خود چلائیں گے۔

متعلقہ خبریں