دل ٹوٹنے کی چیز ہے، دل ٹوٹتا ہے تو گانے گاتی ہوں، آئمہ بیگ


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے لیاری سے تعلق رکھنے والے کیفی خلیل کا گانا ’کہانی سنو‘ گانے کی وجہ بتا دی۔انہوں نے حالیہ انٹرویو کے دوران گزشتہ دنوں ریلیز ہونے والے گانے ’پیار ہوا تھا‘ گانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جس وقت میں نے یہ گانا پہلی بار سنا، اس وقت یوں محسوس ہو رہا تھا کہ یہ میرے دل کی ہی آواز ہے، میرے ہی جذبات ہیں، کیوں کہ اس وقت میرا دل ٹوٹا ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اسی وقت انہوں نے اس گانے کے اصل گلوکار کیفی خلیل سے رابطہ کیا ان سے باقائدہ اجازت لی اور پھر گانا ریکارڈ کروایا۔گلوکارہ نے بتایا کہ جب کیفی خلیل سے اجازت لی تو انہوں نے بھی خوشی سے اجازت دی کیونکہ وہ خود بھی سننا چاہتے تھے، یہ گانا میری آواز میں کیسا لگتا ہے۔
آئمہ بیگ نے بتایا کہ انہیں خوشی ہے کہ گانا ریلیز ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر اندر ٹرینڈ کرنے لگا، لوگوں کو ان کی آواز میں بھی اتنا ہی پسند آیا جتنا کیفی خلیل کی آواز میں آیا تھا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ، دل پچھلے دنوں ٹوٹا ہوا تھا، جو اب جُڑ گیا ہے۔اس دوران کیفی کے اس گانے نے دل کو جوڑنے میں کافی مدد کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کہتے ہیں کہ آرٹسٹ کا جب دل ٹوٹا ہوتا ہے تو وہ اور بھی زیادہ بہتر لکھتا ہے، لیکن مجھے گانا بنانےمیں دشواری پیش آرہی تھی۔ایسے میں کیفی کا گانا سُنا تو لگا کہ یہ میرے دل کی ہی آواز ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا ٹرولنگ کے حوالے سے بتایا کہ وہ سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والے صارفین کو جواب نہیں دیتیں بلکہ اپنے جذبات کا اظہار گانوں کے ذریعے کرتی ہوں۔انہوں نے اس انٹرویو میں دل کو ٹوٹنے کی چیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ دل ٹوٹتا رہتا ہے، یہ ٹوٹنے کی چیز ہے، ٹوٹتا ہے پھر جُڑ جاتا ہے، پھڑ ٹوٹ جاتا ہے۔
واضح رہے کہ لیاری سے تعلق رکھنے والے کیفی خلیل کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے بلوچی زبان کے مقبول ترین گانے ’کنا یاری‘ کے بول لکھے اور گائے تھے۔خیال رہے کہ انہوں نے ابتدائی طور پر ’کہانی سنو‘ کو جون 2021 میں ریلیز کیا تھا، اس کے بعد کیفی خلیل نے اسی گانے کو نئے انداز میں جون 2022 میں بھی ریلیز کیا جسے لوگوں نے بے حد پیار دیا۔