کراچی (قدرت روزنامہ)وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سکھر حیدر آباد کے پرانے راستے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے . وزیرِ اعظم شہباز شریف آج سکھر میں سکھر حیدرآباد موٹر وے ایم 6 کا آج سنگِ بنیاد رکھنے جارہے ہیں، جس کی تقریب میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی شرکت کی اور خطاب کیا .
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این ایچ اے سے مطالبہ ہے کہ 25 ہزار نوکریاں مقامی لوگوں کو دینا چاہیے . وزیرِ اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ ہم ابھی بھی متاثرینِ سیلاب کو ٹینٹ دے رہے ہیں، کچھ اضلاع میں ابھی بھی پانی موجود ہے، وفاق سے مل کر ایک پروگرام بنایا ہے کہ متاثرینِ سیلاب کو گھر بنا کر دیے جائیں .
مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ سکھر روہڑی برج بنانے کا وعدہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نےکیا تھا، اس پراجیکٹ کے لیے پیسے دیے جائیں تاکہ یہ پراجیکٹ پورا ہو سکے . وفاقی وزیر خورشید شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری معیشت کے لیے ایم 6 بہت اہم پراجیکٹ ہے .