ہم نے ریاست کیلئے سیاسی مفادات داؤ پر لگائے، شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم نے ریاست کےلیے سیاسی مفادات داؤ پر لگائے، عمران خان کی ساری سیاست جھوٹ کے سوا کچھ نہیں۔اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان کی اقتدار میں دوبارہ آنے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا 4 سالہ دور بدعنوانیوں سے عبارت ہے، اس دور کی خرابی چند دن میں ٹھیک نہیں ہوگی۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک سوشل میڈیا پر نہیں چلتے، اس کےلیے کام کرنا پڑتا ہے، پاکستان کو ترقیاتی منصوبے دینے میں مسلم لیگ ن کا کوئی ثانی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوامی مسائل کو حل کیا ہے اور ہر مشکل دور میں ملک کو سنبھالا۔شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ 31 دسمبر کو اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کو کامیابی ملے گی۔