اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ تنہا ہے کیونکہ اس کے اختیارات پر ایگزیکٹیو نے قبضہ کرلیا ہے . ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ سپریم کورٹ میں وفاقی حکومت اور صداراتی ریفرنس نے اختیارات کی مثلث اور پارلیمنٹ کی بالادستی کو شدید دھچکا دیا .
انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری تحفظ بل مسودہ کی صورت میں تھا، جب اس پر سپریم کورٹ سے رائے طلب کی گئی . پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ ایک بل کے مسودہ پر سپریم کورٹ نے کیسے رائے دی، جو ابھی پارلیمنٹ اور اسمبلی میں پیش ہونا تھا .
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے پارلیمنٹ کے قانون سازی کے اختیار کی خلاف ورزی کی، ساری قانون سازی الٹ سمت میں چلی . رضا ربانی نے یہ بھی کہا کہ ایک قانون کے مسودہ کو وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے سامنے رکھا، سپریم کورٹ نے اس کی آئینی حیثیت کی منظوری دی . انہوں نے کہا کہ اس قانون کو پارلیمنٹ میں بلڈوز کیا گیا، ماتحت قانون سازی کے ذریعے 18ویں آئینی ترمیم رول بیک کی کوشش کی گئی .