کاغذات میں مبینہ بیٹی چھپانے پر عمران خان کا نااہلی کیس سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر عمران خان کے خلاف نااہلی کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر عمران خان کے خلاف نااہلی کیس سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔
ہائی کورٹ رجسٹرار آفس نے 20 دسمبر کو کیس مقرر کرنے کی کازلسٹ جاری کر دی ہے۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس کیس سے متعلق عمران خان، الیکشن کمیشن اور وفاق کو پری ایڈمشن نوٹس جاری کر رکھا ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق ایک شہری کی درخواست پر سماعت کر رہے ہیں، عدالت نے فریقین کو پری ایڈمیشن نوٹس کر کے جواب طلب کر رکھا ہے۔درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت غلط معلومات فراہم کیں، انہوں نے اپنے بچوں کی تفصیل میں دو کا ذکر کیا ایک کی معلومات چھپائیں۔
یاد رہے کہ عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا تاہم گزشتہ سماعت کے بعد عدالت نے درخواست میں بنائے گئے تینوں فریقین وفاق، الیکشن کمیشن اور عمران خان کو پری ایڈمشن نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر دلائل طلب کیا تھا۔