ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارت کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی کا کہنا ہے کہ جو فنکار ایک فلم کا 100کروڑ معاوضہ لیتا ہے وہی فلم کو نقصان پہنچانے کا ذمہ دار بھی ہوتا ہے . حال میں دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکار نواز الدین صدیقی نے بھاری بھرکم معاوضہ لینے والے فنکاروں کو آڑے ہاتھوں لیا .
انہوں نے فلموں کے فلاپ ہونے، ہدایتکار، پروڈیوسر اور فنکاروں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک اداکار کو ٹکٹوں کی فروخت سے پریشان نہیں ہونا چاہیے، میں اسے ہنر کی بے عزتی کے طور پر دیکھتا ہوں . نوازالدین صدیقی کا مزید کہنا تھا جو ستارے 100 کروڑ فی فلم بطور معاوضہ وصول کرتے ہیں انہوں نے ہی فلم انڈسٹری اور فلموں کو نقصان پہنچایا ہے .
اُن کا کہنا تھا کہ چھوٹے بجٹ یا معمولی بجٹ کی فلم ناکام نہیں ہوتی، جب بھی کسی فلم کا بجٹ بہت زیادہ بڑھ جائے گا تو وہ یقیناً فلاپ ہو گی . نواز الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ اداکار، ہدایتکار اور کہانی سنانے والے فلاپ نہیں ہوتے، یہ فلم کا بجٹ اور بھاری معاوضہ لینے والے فنکار ہیں جو اسے ہٹ یا فلاپ بناتے ہیں .