بھتے سے پریشان تاجروں کے عمران خان، کور کمانڈر پشاور کو خط


پشاور (قدرت روزنامہ)بھتے کی کالز اور گھروں پر دستی بم حملوں سے پریشان پشاور کے تاجروں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور کور کمانڈر پشاور کو خط لکھ دیا۔پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے تاجروں نے انصاف ٹریڈرز ونگ کی جانب سے عمران خان اور کور کمانڈر پشاور کو خط لکھے ہیں۔
خط میں تاجروں کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا بالخصوص پشاور میں بھتہ وصولی کے واقعات بڑھ گئے ہیں، سابق وزیر حاجی جاوید اور سینیٹر ہدایت اللّٰہ کے گھروں پر بم پھینکے گئے۔تاجروں کا خط میں کہنا ہے کہ پشاور شہر میں امن و امان کی صورتِ حال غیر تسلی بخش ہو گئی ہے۔
رہنما انصاف ٹریڈرز ونگ عاطف حلیم نے خط میں عمران خان اور کور کمانڈر پشاور کو بتایا ہے کہ میرے والد کو بھتہ نہ دینے پر 2016ء میں قتل کیا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے صوبائی حکومت کے نوٹس میں لانے کے باوجود اقدامات نہیں کیے گئے، پشاور کے شہری بھتے اور اغواء کی وارداتوں سے پریشان ہیں۔
خط کے متن کے مطابق گزشتہ دنوں پشاور کے علاقے گلبہار میں کسٹم افسر کو ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل کر دیا گیا۔انصاف ٹریڈرز ونگ نے تاجروں کی ملاقات کے لیے کور کمانڈر پشاور سے وقت مانگ لیا اور درخواست کی ہے کہ پشاور میں امن و امان کی صورتِ حال درست کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔