کس کس کو وی آئی پی بلٹ پروف گاڑی ملی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینیٹ اجلاس کے دوران کابینہ ڈویژن نے تحریری جواب جمع کرایا ہے جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی منظوری سے اعلیٰ عہدے داران کو دی گئی وی آئی پی بلٹ پروف گاڑیوں اور دیگر وی آئی پی گاڑیوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ 14 اعلیٰ عہدے دران کے پاس وی آئی پی بلٹ پروف گاڑیاں ہیں، جن میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ، معاونِ خصوصی عطاء تارڑ، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی شامل ہیں۔
کابینہ ڈویژن کا تحریری جواب میں کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی منظوری سے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے پاس وی آئی پی بلٹ پروف گاڑی موجود ہے۔
تحریری جواب میں کابینہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزراء اسعد محمود، بلاول بھٹو زرداری، وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ، چیئرمین پی اے سی نور عالم خان اور سیکریٹری داخلہ کے پاس وی آئی پی بلٹ پروف گاڑیاں ہیں۔
سینیٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ 18 اہم عہدے داران کے پاس وی آئی پی گاڑیاں ہیں۔تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ قمر زمان کائرہ، وفاقی وزراء ساجد طوری، سردار ایاز صادق، مرتضیٰ جاوید عباسی، رانا تنویر حسین، اسرار ترین، آغا حسن، احسن اقبال، عبدالقادر پٹیل، خواجہ آصف کے پاس وی آئی پی گاڑیاں موجود ہیں۔
تحریری جواب میں کابینہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ طارق بشیر چیمہ، سعد رفیق، اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزراء شاہ زین بگٹی، عبدالواسع، قائدِ حزبِ اختلاف راجہ ریاض، سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی، وزیرِ اعظم کے مشیر احد چیمہ کے پاس وی آئی پی گاڑی ہے۔