اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے نام لکھا گیا خط قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو موصول ہوگیا . خط وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے اسپیکر قومی اسمبلی کو لکھا، جس میں کہا گیا کہ اپریل 2022ء کو 123 ممبران اسمبلی نے استعفیٰ دیا تھا .
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں نے قومی اسمبلی کے فلور پر استعفے سے متعلق زبانی اعلان کیا تھا، استعفے کے فیصلے کو تمام چینلز اور میڈیا نے نشر کیا . انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے فیصلے کےخلاف محض چند ممبران کا استعفیٰ قبول کیا گیا، وقت ضائع کیے بغیر ہمارے ممبران کے استعفے منظور کیے جائیں .
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارلیمان میں سب سے بڑی جماعت کی غیر موجودگی میں قانون سازی پر بھی سوالیہ نشان ہے، اگرچہ ہم استعفے جمع کروا چکے ہیں، آپ کی تسلی کیلئے دوبارہ پیش ہونے کو تیار ہیں، اگلے ہفتے کسی بھی دن اپنی سہولت کے حساب سے ہمیں وقت دیں .