حنا پرویز اور ڈاکٹر عفان کی پیزا پر دلچسپ نوک جھونک


لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز بٹ اور جنک فوڈ (مرغن غذائیں) کے نقصانات پر بات کرنے کے لیے مشہور ڈاکٹر محمد عفان قیصر کی سوشل میڈیا پر دلچسپ نوک جھونک سامنے آئی ہے۔ڈاکٹر محمد عفان قیصر گزشتہ ماہ سموسے کے نقصانات پر بنائی گئی ایک ویڈیو کے ذریعے خوب وائرل ہوئے تھے۔
اب انہوں نے ہر دل پسند غذا پیزا پر تنقید اور اس کے کھانے سے نقصانات گنواتے ہوئے اسے انسانی صحت پر ڈرون اٹیک کے مترادف قرار دیا ہے جو کہ خاتون سیاست دان حنا پرویز کو کچھ خاص نہیں بھایا۔حنا پرویز نے ٹوئٹر پر ڈاکٹر عفان کی اس ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ڈاکٹر صاحب سموسے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد آپ کچھ زیادہ فری نہیں ہوگئے، اب ڈرون اٹیک اور ایٹم بم سے نکل آئیں۔
جس پر ڈاکٹر عفان نے بھی جواب دیا ہے۔
انہوں نے حنا پرویز کے ٹوئٹ کے نیچے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ شکریہ میڈم حنا، اصل مقصد لوگوں کو صحیح صحت آگاہی دینا ہے، اگلا ٹارگٹ بریانی ہے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر عفان نے پیزا اور کاربونیٹڈ واٹر سے متعلق اپنی ویڈیو میں بتایا کہ یہ انسانی صحت پر ایک ڈرون اٹیک سے کم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک پیزا میں 3 ہزار اور پیزا کے ایک سلائس میں کم سے کم 300 کیلوریز پائی جاتی ہیں، اسی طرح ایک گلاس کولڈرنک میں 120 کیلوریز ہوتی ہیں جو کہ ایک ساتھ ایک وقت میں کھانا صحت کے لیے نہایت نقصان دہ ہے۔