رانا ثناء کا عمران خان کے اسمبلیاں توڑنے کے متوقع اعلان پر تبصرہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے عمران خان کے اسمبلیاں توڑنے کے متوقع اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلیاں توڑے یا نہ توڑے، ہر صورت میں سیاسی نقصان ان کا ہے۔ایک بیان میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر جس نے ایف آئی آر درج نہ کی، وہ اسمبلیاں توڑے گا؟
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا تسلسل پاکستان اور معیشت کی ضرورت ہے، الیکشن ہو بھی جائیں تب بھی عمران خان کی فسادی سوچ تبدیل نہیں ہو گی۔رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا ایجنڈا الیکشن نہیں بلکہ معیشت کا دھڑن تختہ کرنا ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج پنجاب اور خیبر پختوانخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے، اس سلسلہ میں لبرٹی چوک میں اجتماع منعقد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صحافیوں اور تجزیہ نگاروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ اسمبلیاں تحلیل نہیں ہوں گی وہ آج میری تقریر کا انتظار کریں۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کے فیصلے پر پرویز الہٰی کی تائید بھی حاصل ہو گی۔