کراچی ٹیسٹ: پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنز بنا کر آل آؤٹ


کراچی (قدرت روزنامہ)انگلینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان ٹیم 304 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئے . کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا .

پاکستان کی جانب سے عبداللّٰہ شفیق اور شان مسعود نے پہلی اننگز کا آغاز کیا جو زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکا .
قومی ٹیم کی پہلی وکٹ چھٹے اوور میں 18 رنز پر گر گئی جب عبداللّٰہ شفیق کو جیک لیچ نے 8 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا . کچھ ہی دیر بعد 13 ویں اوور میں پاکستان ٹیم کو 46 رنز پر دوسرا نقصان ہوا جب فاسٹ بولر مارک ووڈ نے شان مسعود کو 30 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا .
کپتان بابر اعظم اور اظہر علی نے 71 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 117 تک پہنچایا تو اس وقت فاسٹ بولر اولی رابنسن نے اظہر علی کو 45 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا .
انگلینڈ کے ریحان احمد کی ٹیسٹ ڈیبیو پر پہلی وکٹ
دوسرے سیشن میں پاکستان کی چوتھی وکٹ 162 رنز پر گری جب سعود شکیل کو ریحان احمد نے 23 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا . کپتان بابر اعظم تو ایک اینڈ پر مضبوطی سے کھڑے رہے اور اس دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی تاہم دیگر بیٹرز کے آؤٹ ہونے کا سلسلہ جاری رہا .
قومی ٹیم کی پانچویں وکٹ 196 رنز پر گری جب محمد رضوان 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد 219 کے اسکور پر بابر اعظم 78 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے . سیریز کے آخری میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں .
امام الحق، محمد علی، زاہد محمود اور محمد نواز کی جگہ اظہر علی، نعمان علی، وسیم جونیئر اور شان مسعود کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے . انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس کے موقع پر بتایا کہ جیمز اینڈرسن کو آرام دیا گیا ہے اور ریحان احمد کو پہلا ٹیسٹ کھلا رہے ہیں .
بین اسٹوکس نے کہا کہ ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، سیریز تین صفر سے جیتنا ترجیح ہے .
پاکستان ٹیم
پاکستان ٹیم میں عبداللّٰہ شفیق، شان مسعود، اظہر علی، بابر اعظم، محمد رضوان، آغا سلمان، سعود شکیل، فہیم اشرف، نعمان علی، محمد وسیم اور ابرار احمد شامل ہیں .
انگلینڈ ٹیم
زیک کرولی، بین ڈیکیٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس، بین فوکس، ریحان احمد، اولی رابنسن، مارک ووڈ اور جیک لیچ پلیئنگ ٹیم میں شامل ہیں .
وسیم کا پہلا اور اظہر کا آخری میچ
انگلینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کرنے والے وسیم جونیئر کو کیریئر کا آخری میچ کھیلنے والے اظہر علی نے کیپ پہنائی .
واضح رہے کہ انگلینڈ کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کُن برتری حاصل ہے . پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی جبکہ دوسرا ملتان میں کھیلا گیا تھا .

. .

متعلقہ خبریں