لاہور (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی . ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے چوہدری پرویز الہٰی کو آج اپنے خطاب میں ساتھ بیٹھنے کی دعوت دی، وزیراعلیٰ پنجاب نے ان کی دعوت قبول کرلی .
چوہدری پرویز الہٰی عمران خان سے ملاقات کے بعد واپس روانہ ہوگئے، جس سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شام 7 بجے دوبارہ زمان پارک پہنچیں گے . خیال رہے کہ چوہدری پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور حسین الہٰی کے ہمراہ لاہور کے علاقے زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ پہنچے . ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی نے عمران خان سے ملاقات میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل پر مشاورت کی .
عمران خان کی زیر صدارت پارٹی قیادت کے اجلاس میں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور پرویز خٹک شریک ہیں . عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شبلی فراز، علی امین گنڈاپور بھی شریک ہیں . پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پارٹی رہنماؤں سے اسمبلیوں کی تحلیل کی حتمی تاریخ سے متعلق مشاورت کی .
اجلاس میں آج کے جلسے کی تقریر اور سیاسی و معاشی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے . واضح رہے کہ عمران خان آج پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے . اس سلسلے میں لبرٹی چوک میں آج پی ٹی آئی کا اجتماع بھی منعقد کیا جائے گا .