عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے: چودھری پرویز الہیٰ
لاہور(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ امانت انہیں واپس کر دی ہے۔ عمران خان کی آواز پر لبیک کہیں گے۔وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہیٰ، سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ اور ممبر قومی اسمبلی حسین الہیٰ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچے۔ اس موقع پر اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان سے اسمبلیوں کی تحلیل پر مشاورت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ عمران خان نے مخالفین کی سیاست کو زیرو کر دیا ہے۔ افواہیں پھیلانے والے پہلے کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے۔
چودھری مونس الہیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چودھری، پرویز خٹک، شبلی فراز، علی امین گنڈاپوراور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔