بلوچستان سے بڑی شخصیات پی ٹی آئی میں شامل ہو رہی ہیں: اسد عمر


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بڑی شخصیات پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہی ہیں۔کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پورا پاکستان الیکشن کی طرف جا رہا ہے، عمران خان نے 2 اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا، اس وقت پی ڈی ایم کی صفوں میں کافی پریشانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی مداخلت کے ذریعے امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، بلوچستان میں الیکشن کی تیاری کا جائزہ لینے آیا ہوں، بلوچستان اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔اسد عمر کا کہنا ہے کہ 6 سو ارب روپے سے زیادہ بلوچستان کے لیے ہماری حکومت نے پیکیج دیا، ژوب ہائی وے عمران خان کا منصوبہ تھا، سنا ہے اس کا شہباز شریف افتتاح کرنے پہنچے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان کو حقوق دیے جائیں تو کوئی اسے ترقی سے نہیں روک سکتا، عمران خان کی حکومت بنے گی تب بلوچستان کو حقوق ملیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق حکومت بات کرنا چاہے تو تیار ہیں، انتخابات کے علاوہ کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی۔