عالمی دنیا

انجلینا جولی نے اقوام متحدہ کی پناہ گزینوں کی سفیر کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا


واشنگٹن(قدرت روزنامہ) آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی اداکارہ نے اقوام متحدہ کی پناہ گزینوں کی سفیر کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا وہ 21 سال سے اس عہدے پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انجلینا جولی نے اعلان کیا ہے وہ 21 سال تک اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے برائے پناہ گزین کے لیے کام کرنے کے بعد سمجھتی ہیں کہ اب وقت آگیا ہے کہ میں زرا مختلف طریقے سے یہی کام کروں۔
آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ انجلینا جولی نے کہا کہ اب میں پناہ گزینوں اور مقامی تنظیموں کے ساتھ براہ راست خدمت میں مشغول رہوں گی اور اپنے ملکوں سے دور بے گھر ہونے والوں کے مسائل کے حل کے لیے کام جاری رکھوں گی۔اداکارہ نے مزید کہا کہ تاہم اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کی خصوصی ایلچی کی حیثیت سے مستعفی ہو رہی ہوں۔ انجلینا جولی نے اس دوران 60 سے زیادہ فیلڈ مشن کیے تھے اور پناگزینوں کے مسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
اقوام متحدہ کے ادارے UNHCR نے 47 سالہ اداکارہ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے انتھک محنت کی۔ وہ مصائب کے شکار نقل مکانی پر مجبور افراد کے ساتھ گھل مل جاتیں اور ان کے مسائل کے حل کی جانب عالمی توجہ دلاتی تھیں۔

متعلقہ خبریں